ڈی آئی خان میں دیہی صحت مرکز پر حملہ بزدلانہ فعل ہے، ناصر شیرازی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے بنوں میں پر امن احتجاج کرنے والوں پر حملے کو سازشی عناصر کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور واقعے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکزِ صحت پر دہشگردوں کی کارروائیوں کو بھی بزدلانہ فعل قرار دیا ہے اور حملے میں شہید ہونے والے جری جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
عوام کا اپنی ریاست سے امن کی مانگ کرنا اور اس کے لئے پرامن انداز میں سڑکوں پر نکلنا انکا آئینی وقانونی اور بنیادی انسانی حق ہے جسے کسی صورت روکا نہیں جا سکتا۔
ایسے سازشی عناصر جو امن کی خواہش اور کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں وہی اصل دشمن اور آلہ کار ہیں، ان کرداروں کی پشت پناہی کرنے والوں کو عیاں کرنے میں ہی دہشت گردی کا حقیقی حل پوشیدہ ہے۔
یہ دیکھنا ہو گا کہ آخر کن قوتوں کو امن کے حق میں احتجاج پسند نہیں ہے۔؟
یہ بھی پڑھیں : برصغیر کے نامور عالم دین آیت اللہ غلام عباس رئیسی سکردو پہنچ گئے
تمام اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر اعتماد میں لیا جانا چاہئے اور مل بیٹھ کر ملک کر اس بحران سے نکالنے کے لئے اجتماعی فارمولا طے کیا جائے۔
اس ایشو پر ذمہ دارانہ بیان اور اقدامات ملکی و قومی استحکام کے لیے بہت ضروری ہیں۔
تین دہائیوں سے ملک میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی مشاورت اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
قوم نے ہر مشکل صورتحال میں قربانی دی ہے، ستر ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں اور اربوں ڈالرز کا نقصان الگ سے ہوا ہے۔







