پاکستان کی اہم خبریں

گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات مزدور قتل

شیعیت نیوز: بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں نامعلوم افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا ہے۔

صوبے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے، ان واقعات میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 18 افراد مارے گئے۔

جمعرات کی صبح واقعہ کے پیش آنے کے بعد بلوچستان حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ’رپورٹ طلب کر لی ہے، دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے۔

ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمان نے بتایا کہ ساتوں افراد سربندن میں حجام کا کام کرتے تھے اور رات کو ایک رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے تھے جب نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کر کے قتل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آزادی اظہار رائے پر قدغن قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمن

انہوں نے بتایا کہ مقتولین کا تعلق پنجاب کے شہر خانیوال سے ہے جن کی میتیں گوادر کے سرکاری ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ نہتے اور بے گناہ مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے، ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

سربندن گوادر سے بلوچستان اسمبلی کے منتخب رکن حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا آبائی علاقہ ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے بتایا کہ واقعہ رات تین بجے کے قریب پیش آیا۔ اس حملے میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کو پتہ تھا کہ پنجابی مزدور اس رہائشی کوارٹر میں رہ رہے ہیں لیکن سربندن میں اس سے پہلے اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا شاید اس لیے سکیورٹی کا بندوبست نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button