پاکستان

عام انتخابات کا پر امن انعقاد اولین ترجیح ہے: پاکستانی وزیر داخلہ

شیعیت نیوز: نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ 48 گھنٹوں کے اندر الیکشن ہونے جا رہا ہے اور کسی بھی جگہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، امیدواروں کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں ہے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یقین ہے کہ انتخابات پرامن ہوں گے، مجموعی طور پر انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے چھ لاکھ سے زائد وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 90 ہزار 777 پولنگ اسٹیشن ہیں، 40 ہزار پولنگ اسٹشن نارمل ہیں لیکن یہاں پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

16ہزار 786 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے 135 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔

گوہر اعجاز نے پاکستان کے نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبۂ سندھ میں سیاسی گہما گہمی اور انتخابی جوش و ولولہ زیادہ ہے اس لئے ایسا تاثر نظر آرہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں کشیدگی ہے لیکن انتخابی مہم کے دوران ایسا ہونا فطری عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عام انتخابات، محسن نقوی کا پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بند نہ کرنے کا اعلان

دریں اثنا نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف ایک عشرے سے زیادہ عرصے سے لڑ رہے ہیں۔

پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور اکا دکا واقعات کی وجہ سے پاکستانی عوام اپنے گھروں میں نہیں بیٹھیں گے، 8 فروری کو عوام اپنا حق رائے دہی لازمی استعمال کریں گے۔

اس موقع پر مرتضی سولنگی نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن سے متعلق کئی افواہیں پھیلائی گئیں، انتخابات پرامن طریقے سے ہوں گے۔

عام انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک آئین کے تحت منتخب نمائندے چلائیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button