امریکی نیوز ایجنسی سروے، نوجوانوں کا پاک فوج پر اعتماد اور امریکہ پر شک کا اظہار
پاکستان میں آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے الیکشن کے لیے پانچ کروڑ 68 لاکھ سے زائد نوجوان ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ یہ تعداد پاکستان کے مجموعی ووٹرز کا تقریباً 44 فی صد ہے۔ وائس آف امریکہ نے آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کے ووٹنگ کے رجحان، ملکی مسائل اور قومی اداروں پر ان کے اعتماد کے بارے میں ایک سروے کرایا ہے۔
وائس آف امریکہ کے لیے یہ سروے مارکیٹ ریسرچ کے معروف ملٹی نیشنل ادارے ʼاپسوس نے 3 جنوری سے 12 جنوری تک 18 سے 34 سال کی عمر کے نوجوانوں سے کیا۔
سروے میں پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اور تمام صوبوں کے شہری اور دیہی علاقوں کے رہائشی اور مختلف معاشی و سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی رائے شامل ہے۔ عام تاثر کے برعکس سروے میں تقریباً 65 فی صد نوجوانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتخابات صاف شفاف ہوں گے۔
اکثر نوجوانوں کے خیال میں پاکستان کا کوئی ادارہ بھی آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ لیکن جو یہ سمجھتے ہیں کہ انتخابات میں کسی ادارے کی مداخلت ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فوجی جوانوں کی قاتل کالعدم جماعتیں پاک فوج کی عزت وعظمت کے علمبردار بن گئیں
ان کی اکثریت کے نزدیک فوج ایسا کرسکتی ہے۔ ہر چار میں سے ایک نوجوان سمجھتا ہے کہ امریکہ انتخابات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے سروے میں پاکستان کے نوجوانوں کی اکثریت نے فوج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ ملک کے 15 فی صد نوجوان ایسے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ فوج پر بالکل بھی اعتماد نہیں کرتے۔
سروے کے نتائج کے مطابق عام تاثر کے برعکس بلوچستان میں بھی فوج پر مکمل اعتماد کرنے والوں کی شرح 64 فی صد ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے نے یہ سروے بین الاقوامی ادارے اپسوس کے ذریعے کرایا ہے جس میں 18 سے 34 برس کے نوجوانوں سے یہ سوال بھی کیا گیا تھا کہ انہیں کس قومی ادارے پر کتنا اعتماد ہے۔
نوجوانوں کی اکثریت (74 فی صد) نے فوج کو سب سے قابلِ اعتماد ادارہ قرار دیا، فوج پر اعتماد کرنے والوں کی شرح شہری اور دیہی علاقوں میں تقریباً برابر ہے جہاں ہر چار میں سے دو نوجوانوں نے فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں فوج پر مکمل اعتماد کرنے والے نوجوانوں کی شرح کم ہے۔
فوج پر بالکل بھی اعتماد نہ کرنے والوں کی شرح سب سے زیادہ اسلام آباد (23 فی صد) میں ہے، پنجاب میں یہ شرح 15 فی صد، سندھ میں تقریباً 17 فی صد، خیبر پختونخوا میں 11 فی صد جب کہ بلوچستان میں 12 فی صد ہے۔
سروے کے مطابق 59 فی صد مرد جبکہ 46 فی صد خواتین فوج پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، تقریباً 13 فی صد مردوں اور 16 فی صد خواتین نے کہا کہ انہیں فوج پر بالکل بھی اعتماد نہیں۔







