سوشل میڈیا پر مایوسی پھیلا کر تاثر دیا جاتا ہے ریاست وجود کھو چکی ہے: آرمی چیف
شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق افواہیں اور سوشل میڈیا پر مایوسی پھیلا کر تاثر دیا جاتا ہے کہ ریاست وجود کھو چکی لیکن ہم قوم کے ساتھ مل کر ہر مافیا کی سرکوبی کریں گے۔
آرمی چیف نے نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اور گلہ بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے کیونکہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو اور صبر شامل ہیں جن کے نتیجے میں بے تحاشا انعامات ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں لیکن آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ کلمہ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان، یہ محض اتفاق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیئر، دریا، پہاڑ اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں۔
انہوں نےکہا کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھوتی جا رہی ہے۔







