سوق الحزم میں سعودی رجیم کا قتل عام حساب کے بغیر نہیں گزرے گا، عمر البخیتی

28 اکتوبر, 2026 20:05

شیعیت نیوز : یمن کے صوبہ الجوف میں سعودی رجیم کے جنگی طیاروں نے بدھ کے روز سوق الحزم کے مرکزی بازار، اس سے ملحقہ گھروں اور ایک پیٹرول پمپ کو اس وقت بمباری کا نشانہ بنایا جب بازار خریداروں سے بھرا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں غیر حتمی اعداد و شمار کے مطابق 14 عام شہری شہید اور خواتین و بچوں سمیت 15 زخمی ہو گئے۔

صنعاء میں وزارت صحت نے ابتدائی طور پر 13 شہریوں کی شہادت اور تین خواتین سمیت 16 کے زخمی ہونے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ حملوں سے دکانوں اور قریبی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ بازاروں، پیٹرول پمپوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔

یمنی حکومت کے ترجمان ڈاکٹر عمر البخیتی نے اس قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خریداری کے عروج کے وقت بازار کو نشانہ بنانا ظاہر کرتا ہے کہ سعودی رجیم کی نظر میں بے گناہوں کے خون کی کوئی قیمت نہیں، یہ رجیم اسلامی نعروں کے پیچھے چھپنے کے باوجود اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتی اور یمنی عوام پر اس کے جرائم غزہ میں صیہونی جرائم سے مختلف نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی جارحیت جاری، صعدہ میں ایک خاندان کے شہداء کی تعداد 8 ہو گئی

انہوں نے کہا کہ سوق الحزم کا قتل عام ان مجازر کے طویل سلسلے کی کڑی ہے جن میں 12 برس کی جارحیت اور محاصرے کے دوران مساجد، بازاروں، شادی ہالوں اور مجالس عزا کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور آل سعود کے ساتھ ملی بھگت رکھنے والی حکومتوں کی خاموشی جارحیت کو جواز فراہم کرنے میں براہ راست شرکت ہے۔

عمر البخیتی نے زور دے کر کہا کہ یہ جرائم حساب کے بغیر نہیں گزریں گے اور یمن اور اس کی مسلح افواج جارح کے مقابلے میں پوری طرح چوکس ہیں، یہاں تک کہ وہ اپنی جارحیت اور ظالمانہ محاصرہ ختم کر دے۔

دوسری جانب یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی جنگی طیاروں نے صنعاء اور الجوف، تعز، عمران، حجہ، صعدہ، الضالع، المحویت اور لحج کے صوبوں میں شہری مقامات پر 101 فضائی و میزائل حملے کیے، جس سے درجنوں افراد شہید و زخمی ہوئے، اور کشیدگی کے آغاز سے اب تک ایسے حملوں کی تعداد 3480 تک پہنچ گئی ہے۔

9:10 شام اکتوبر 28, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔