ہر وہ حکمران دس ہزار معصوم بچوں کے قتل عام میں حصہ دار ہے جس کی زبان پر فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں سکوت طاری ہے،علامہ راجہ ناصرعباس
شیعیت نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں دس ہزارمعصوم بچوں کے قتل عام پر اقوام ِ عالم کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ہر وہ حکمران اس ظلم میں حصہ دار ہے جس کی زبان پر فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں سکوت طاری ہے۔عالمی استعماری طاقتیں اس بدمست ناسور کی مانند ہیں جسے ہنستے بستے گلستان اجاڑنے میں لطف ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقتدار کی لالچ، کالعدم سپاہ صحابہ /لشکر جھنگوی کی اعلیٰ قیادت میں ایک بارپھر دراڑیں پڑ گئیں
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اگر آج ان خونخوار بھیڑیوں کے خلاف متحد نہیں ہوئی تو باری باری سارے مسلم ممالک اس کا شکار بنتے جائیں گے۔فلسطین میں اسرائیلی درندگی کے خلاف عالمی انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ عالم اسلام کے خون کی ان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔اپنی نسلوں کی بقا کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد اولین شرط اور حالات کے متقاضی ہے۔







