مقبوضہ فلسطین

غزہ میں انڈونیشیا کے اسپتال پر صیہونی حکومت کا حملہ، آٹھ شہید

شیعیت نیوز: میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے پیر کی صبح انڈونیشیا کے اسپتال پر حملہ کردیا جس میں کم سے کم آٹھ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ارنا نے الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج نے غزہ میں انڈونیشیا کے اسپتال پر توپوں سے گولہ باری کی ہے۔

اس گولہ باری میں اسپتال کا جنریٹر تباہ ہوگیا اور بجلی کٹ گئی ۔

اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے اس حملے میں کم سے کم آٹھ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

صیہونی حکومت نے اس دوران جنوبی غزہ میں واقع رفح کے ایک محلے پر بھی بمباری کردی جس میں آخری اطلاع ملنے تک 11 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی گئ تھی۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ اسرائیلی جنگی مجرمین پر مقدمہ چلائے، حماس کے رکن اسامہ حمدان

دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں علاج معالجے کی ابتر صورت حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت گوناگوں مظالم کے ذریعے غزہ کے باشندوں کو کوچ پر مجبور کرنا چاہتی ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے اتوار کے دن اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت نے نو دن تک الشفا ہسپتال کا محاصرہ کئے رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہسپتالوں کو غیرفعال بنانے کے ذریعے فلسطینی شہیدوں کی تعداد بڑھانا چاہتا ہے۔

غزہ میں حماس تحریک کے پریس آفس نے بھی کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے چوالیس دنوں کے دوران غزہ کے باشندوں پر تیرہ سو سے زیادہ حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں بارہ ہزار تین سو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

پریس آفس نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اب تک پانچ ہزار سے زیادہ بچے اور تین ہزار تین سو سے زیادہ خواتین شہید ہوچکی ہیں کہا کہ ان حملوں میں تیس ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پچھتر فیصد خواتین اور بچے ہیں۔

پریس آفس کے بیان میں مزید آیا ہے کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں پچیس ہسپتال اور باون ہیلتھ سینٹر غیر فعال ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button