اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسلی کشی سے روکا جائے، پاکستان کا اسرائیلی حامیوں سے مطالبہ
شیعت نیوز: دفترخارجہ نے غزہ میں جاری بدترین جارحیت پر اسرائیل کے حامیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل درآمد سے روکنے کے لیے بات کریں۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ عرب-اسلامی مشترکہ سربراہی اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قابض حکام کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کی برآمدات روکنی چاہیے کیونکہ اسرائیلی فوج اور آباد کار انہی ہتھیاروں کو فلسطینیوں کے قتل اور ان کے گھروں، املاک اور شہری انفراسٹرکچر تباہ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:https://shiite.news/ur/?p=654670
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت روکنے کے لیے تیزی سے، اجتماعی اور بامعنی اقدامات کریں اور مقبوضہ فلسطین میں ہونے والے جنگی جرائم کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ میں ہسپتالوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے۔







