جنگ جتنی لمبی ہوگی، غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں اتنے زیادہ دھنس جائیں گے، حماس

شیعیت نیوز: حماس کے رہنما اور ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کو ایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے، جنگ جتنی لمبی ہوگی، غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں اتنے ہی زیادہ دھنس جائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ غزہ کے بپٹسٹ اسپتال کے جرم پر جوابدہ ٹھہرانے میں ناکامی پر اسرائیل کو مزید اسپتالوں میں قتل عام کی شہہ ملی، اقوام متحدہ نے غزہ میں اپنے اسکول پر اسرائیلی بمباری میں کئی فلسطینیوں کی شہادت کا اعتراف کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل یقینی طور پر تباہ ہوجائے گا، کمانڈر جنرل حسین سلامی
اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ ریاض سربراہی اجلاس میں فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے مؤثر فیصلوں کا فقدان تھا، تاہم غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قبضے سے الشفا اسپتال میں نومولودوں کی جان کو خطرہ ہے، اسپتالوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو القسام بریگیڈ کے ہاتھوں جواب ملے گا، اسرائیلی فوج کا ناقابل تسخیر ہونے کا تصور 7 اکتوبر کی کارروائی کے بعد تباہ ہوچکا ہے، لاکھوں فلسطینی اب بھی غزہ میں موجود ہیں، جو ثابت قدم ہیں، قابض اسرائیلی فوج کو ایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے، جنگ جتنی لمبی ہوگی، غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں اتنے ہی زیادہ دھنس جائیں گے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 37 روز سے اسرائیل کی بربریت جاری ہے، جس میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 100 سے تجاوز کرگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی جارحیت سے 11 ہزار سے زائد شہید افراد میں 8 ہزار سے زائد بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک زخمیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔