غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نازی طرز کی نسل کشی ہے، وزیر خارجہ وینزویلا
شیعیت نیوز: وینزویلا کے وزیر خارجہ نے ہفتے کی صبح کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نازی طرز کی نسل کشی ہے۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں روزانہ ملنے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بربریت کو فوری طور پر بند کیا جائے اور ان جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
جمعرات کے روز تازہ ترین جرم میں صیہونی حکومت نے ایک ایمبولینس پر حملہ کیا جو الشفا ہسپتال سے زخمیوں کو رفح کراسنگ تک لے جا رہی تھی۔
غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تہران سمیت پورے ملک میں ریلیوں کا سلسلہ جاری
دوسری جانب غزہ میں امریکہ کی جنگ پسندی جاری ہے اور اسی درمیان امریکی ایوان نمائندگان کے نئے سربراہ نے بھی غزہ میں جنگ بندی کی مخالفت کردی ہے۔
امریکہ کے ایوان نمائندگان کے نئے سربراہ مائیک جانسن نے غزہ میں جنگ بندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو جنگ بندی کی ضرورت نہیں ہے۔
ادھر پینٹاگون کے ترجمان پٹ رائیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم ایسی جنگ بندی کی حمایت نہیں کر سکتے جس سے حماس کو پھر سے تیاری کا موقع مل جائے۔
قابل ذکر ہے کہ صدر امریکہ جو بائيڈن نے غزہ جنگ میں وقفے کی خواہش ظاہر کی تھی تاکہ صیہونی قیدیوں کو وہاں سے نکالنے کے لئے مناسب وقت مل جائے۔
اسی درمیان، وائٹ ہاؤس کے اسٹریٹیجک تعلقات کے کو آرڈی نیٹر جان کربی نے بھی گزشتہ روز غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف غاصب اسرائیلی حکومت کی جارحیت کی حمایت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ صدر جو بائیڈن کی نظر میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے منافی نہیں ہیں۔