برطانیہ کے یہودی علماء اور مذہبی پیشواؤں کا فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ
شیعیت نیوز: برطانیہ میں یہودی علماء اور مذہبی پیشواؤں نے فلسطین کا پرچم اٹھا کر فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگاتے ہوئے صیہونزم اور غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف اپنے غم و غصے اور بیزاری کا اظہار کیا۔
یہودیوں کے مذہبی پیشواؤں نے صیہونزم مخالف بین الاقوامی نیٹ ورک، (International Jewish Anti-Zionist Network) نے ایک بیان شائع کرکے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں اس حکومت کے تمام مخالفین سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔
خاخام ڈیوڈ وائس نے شہریوں کے قتل عام میں اسرائیل کے اقدامات کو جنگی جرائم کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
خاخام ڈیوڈ وائس نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکمراں یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے یہودیوں کی جانیں بچانے کے لیے غزہ پر بڑے پیمانے پر جارحیت شروع کی ہے لیکن ان کے اقدامات نے پوری دنیا میں یہودیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور ہم انہیں مجرموں اور ظالموں کے حامیوں کے طور پر دیکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حماس کا دفتر بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے، قطری وزارت خارجہ
دوسری جانب فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت میں مختلف ممالک میں ہونے والے عوامی مظاہروں کے تسلسل میں سوئٹزرلینڈ اور سوئیڈن کے ہزاروں افراد نے بھی جنیوا اور اسٹاک ہوم میں اجتماع کر کے صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی۔
حالیہ دنوں میں کئی یورپی ممالک کے عوام نے بڑے پیمانے پر غزہ کے عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے ہزاروں شہریوں نے جنیوا کی سڑکوں پر اتر کر ’’ہم سب غزہ کےفرزند ہیں‘‘ کے نعرے لگاکر غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت کی۔
دوسری طرف اسٹاک ہوم میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ہزاروں افراد نے زبردست مظاہرہ کیا۔ وہ غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت میں، سویڈن کے دارالحکومت کی سڑکوں پر نکل آئے۔
اس مارچ کے شرکاء ، کہ جن کے ہاتھوں میں فلسطینی پرچموں کا ایک سمندر تھا، فلسطین کی آزادی کے نعرے لگاتے ہوئے اسٹاک ہوم کے نورا بنٹورگیٹ اسکوائر میں جمع ہونے کے بعد سویڈش پارلیمنٹ کی طرف بڑھے اور انہوں نے صیہونی حکومت کے حملے روکے جانے ، فوری جنگ بندی اور غزہ میں کسی رکاوٹ کے بغیر انسانی امداد پہنچانے جانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے حملے سات اکتوبر سے شروع ہوئے ہیں اور اب تک آٹھ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہيں جبکہ بیس ہزار کے قریب زخمی اور اٹھارہ سو لاپتہ ہیں۔