آرمی چیف اسرائیل کے خلاف امت کی قیادت کریں: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو اسرائیل کے غزہ میں مظالم کے جواب میں امت مسلمہ کی قیادت کرنے کی اپیل کر دی ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ’فلسطینیوں کی مائیں بہنیں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں، کشمیر کی طرح غزہ بھی پاکستان کے لیے اہم ہے، حکومت آگے بڑھ کر فلسطینیوں کا ساتھ دے، میں آرمی چیف سے بھی اپیل کروں گا کہ یہی صحیح وقت ہے امت کی قیادت کرنے کا۔‘
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سقوط بغداد کے موقع پر مسلمانوں کے سروں کے مینار بنائے گئے، سقوط غرناطہ کے بعد 30 لاکھ مسلمانوں کو ہجرت کرنا پڑی تھی، 500 سال غرناطہ اور قرطبہ کی مسجدیں آذان کے لیے ترستی رہیں، کل اسرائیل کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر برطانیہ کے ممبر پارلیمنٹ کو اس لیے جہاز سے اتار دیا گیا ان کے نام میں ایک لفظ محمد آتا ہے، ان کو 6 گھنٹے ایئرپورٹ پر بٹھایا گیا۔







