صیہونی حکومت سے جھڑپ میں حزب اللہ کا جوان شہید ، 5 صیہونی ہلاک و زخمی
شیعیت نیوز: غاصب صیہونی حکومت سے جھڑپ میں حزب اللہ کا جوان شہید ہو گیا جبکہ 5 صیہونی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں حزب اللہ کا جوان حسین کمال المصری شہید ہو گیا۔
صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے حزب اللہ کے جوانوں نے لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد کے قریب شتولہ علاقے میں ایک راکٹ داغا جس کے نتیجے ایک صیہونی ہلاک اور 4 صیہونی زخمی ہوگئے ۔
حزب اللہ نے تاکید کی کہ اس حملے میں دشمن کی فوجوں کو ناقابل تلافی جانی نقصان پہنچا ہے۔
الجزیرہ نے لبنان کی حزب اللہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ لبنانی مزاحمت نے شتولا شہر میں صیہونی فوجیوں کے ٹھکانوں کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا۔
الجزیرہ کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے لبنان کی سرحد کے قریب صہیونی بستیوں کی طرف جانے والے راستوں کو بند کر دیا ہے اور اس علاقے کو فوجی زون قرار دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چین کا اسرائیل سےفلسطینی عوام کے خلاف جرائم روکنے کا مطالبہ
دوسری جانب لبنانی ذرائع نے جنوبی لبنان میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں پر جوابی میزائل حملوں کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
لبنانی ذرائع نے جنوبی لبنان میں مقبوضہ کفر شوبا کی پہاڑیوں میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر جاری حملوں کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ جوابی حملے میزائلوں سے کئے جا رہے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت نے لبنان اور مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقوں پر وحشیانہ بمباری اور گولہ باری کی ہے جس کے جواب میں حزب اللہ کے جوانوں نے رویسہ العلم، السماقہ اور زیدین نامی علاقوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔
صیہونی ذرائع نے بھی خبر دی ہے کہ لبنان و مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقوں میں تمام صیہونی آباد کاروں سے پناہ گاہوں میں پناہ لینے کو کہا گیا ہے۔







