پاکستان کی اہم خبریں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف اننگز کو کیا فلسطینیوں کے نام

شیعیت نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف اننگز فلسطین کے بہن اور بھائیوں کے نام کردی۔ دوسری طرف پاکستان کی شوبز شخصیات بھی فلسطینیوں کی حمایت میں سامنے آ گئیں۔

حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 345 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

محمد رضوان نے ناقابل شکست 130 رنز کی اننگز کھیلی، عبداللہ شفیق نے بھی 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل فلسطین تنازع ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے، نگران وزیراعظم

دوسری جانب پاکستان کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اسرائیل کی حمایت میں بولنے والوں پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا مسلمان کا خون پانی ہے ؟

سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا کہ کل ایک بیان سنا جس میں کہا گیا کہ اسرائیل کی عورتوں اور بچوں کو مت مارو، درست بات ہے لیکن اسرائیل جو فلسطین کی نسلیں ختم کررہا ہے، وہ افسوسناک نہیں؟

اُنہوں نے کہا کہ ہتھیار اب تلوار نہیں کہ آپ صرف مردوں کو ٹارگٹ کرکے ماریں، یہ جدید دور ہے، جب بم یا میزائل گِرتا ہے تو دیکھ کر نہیں گِرتا ۔

سابقہ گلوکارہ نے کہا کہ حیرت ہے، فلسطین پر کسی کو ترس نہیں آیا لیکن ظالم اسرائیل کی خواتین پر ترس آگیا۔

اُنہوں نے اسرائیل کے حملے کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی خاندان کی تصویر بھی ایکس پر پوسٹ کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اداکارہ ارمینہ خان نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میری نظر میں فلسطینی دنیا بھر میں سب سے زیادہ بہادر قوم ہیں، جنہیں کسی کی سپورٹ نہیں اور پوری دنیا ان کے خلاف ہے، میرے خدا میں ان چھوٹے بچوں کے لیے خوفزدہ ہوں جو اس جنگ میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

ارمینہ خان نے اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے ایک اور پوسٹ شیئر کی اور لکھا ہے کہ وہ لوگ جو شاید یہ نہیں جانتے کہ غزہ ایک کھلا زندان ہے، وہاں کے رہائشیوں کو نہ تو وہاں سے نکلنے کی اجازت ہے اور نہ ہی وہاں آزادی سے جینے کی، انہیں بھوکا پیاسا رکھا جاتا ہے، ان کو قتل کر دیا جاتا ہے لیکن انہیں پھر بھی اپنے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے کی اجازت تک نہیں۔

معروف اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر دو مختلف پوسٹس شیئر کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا، انشاء اللّٰہ‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلسطین کے جھنڈے کا نشان بھی بنایا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button