دنیا

دہشت گرد گروپس کو ختم کرنے کے لئےمؤثر اقدامات کریں، افغان حکومت سے دنیا کا مطالبہ

شیعیت نیوز: روس کی میزبانی میں افغانستان سے متعلق علاقائی سلامتی کے اجلاس میں افغانستان کی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک میں موجود ہر قسم کے دہشت گرد گروپس ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور اقدامات سے یقینی بنائے کہ ان کی سرزمین دہشت گردی کے مرکز کے طور پر استعمال نہ ہو۔

روس کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغانستان سے متعلق علاقائی سلامتی کے اجلاس میں چین اور بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک نے شرکت کی۔

افغانستان سے سیکیورٹی اقدامات میں اضافے کا مطالبہ افغانستان سے متعلق پانچویں ماسکو فارمیٹ کنسلٹیشن کے دوران ہوا۔

اجلاس میں چین اور بھارت کے علاوہ پاکستان، ایران، قزاقستان، کرغیزستان، روس، ترکمانستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عہدیداروں شریک تھے۔

سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور ترکی کے نمائندوں نے بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ اجلاس روس کے شہر کازان میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : اربعین ملین مارچ کے شرکاء کی پذیرائی میں برادران اہلسنت پیش پیش رہے، جنرل اسماعیل قاآنی

اجلاس کے بعد روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکاء نے افغانستان میں بنیادی طور پر دہشت گرد گروپس بالخصوص داعش کی کارروائیوں کی وجہ سے سیکیورٹی کی گھمبیر ہوتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

شریک ممالک نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں موجود ہر قسم کے دہشت گرد گروپس ختم کرنے، ان کو روکنے، ملک کو دہشت گردی، عدم استحکام کا گڑھ بننے اور ان عناصر کا علاقائی ریاستوں تک پھیلاؤ روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے صنعتی منشیات کی پیداوار سمیت مؤثر انسداد منشیات پالیسی جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

شرکا نے موجودہ افغان حکام پر زور دیا کہ وہ افغان سرزمین سے پیدا ہونے والی دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خطے کے ممالک کے ساتھ اپنا تعاون مضبوط کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اکثر شرکاء نے افغانستان میں بیرونی عناصر کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت کی پرزور مخالفت کی۔

شرکا نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ افغان عوام کی فلاح و بہبود، ان کی مزید نقل مکانی روکنے اور مہاجرین کی واپسی کے لیے درکار اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button