دنیا

پاکستان اور ہندوستان میں عقیدت و احترام کے ساتھ چہلم امام حسینؑ کا انعقاد

شیعیت نیوز: نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپؑ کے 72 اصحاب باوفا کا چہلم پاکستان اور ہندوستان میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

پاکستان اورہندوستان سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور اور اسی طرح دہلی، ممبئی، لکھنو اورحیدرآباد سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر جلوسہائے عزا برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور مجالس غم برپا ہورہی ہیں۔ عزادار شبیہ تابوت و علم اور تبرکات کی زیارت کر رہے ہیں اور بہت بڑی تعداد میں ماتمی انجمنیں منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے کربلا والوں کی یاد منا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شام، یورپی استعمار کے ہتھکنڈوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گا، شامی وزیر خارجہ

چہلم سید الشہدا کے جلوسوں کے دوران روح پرور اور معنوی مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں اور جلوسہائے عزا میں شریک عزاداروں نے کربلا والوں کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے راستے پر گامزن رہنے کا عزم کیا-

پاکستان اور ہندوستان میں نکالے گئے جلوسہائے عزا کے راستوں میں سبیل اور نذر و نیازکا بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں چہلم سید الشہدا کل منایا گیا تھا۔

چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کی مجالس عزا کا سلسلہ کل رات سے شروع ہوا، اس دوران خطبا اور ذاکرین نے میدان کربلا میں امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب و انصار کی لازوال قربانی کے فلسفے اور مقصد پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زوردیا کہ کربلا کے میدان میں حضرت امام حسین علیہ السلام نے عالم انسانیت کو باطل قوتوں، ظلم و جبر و تشدد اور ناانصافیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور طاغوتی طاقتوں کے سامنے نہ جھکنے کا جو پیغام دیا تھا وہ آج پوری دنیا کی قوموں کے لئے مشعل راہ بنا ہوا ہے اور جہاں جہاں بھی حریت و آزادی اور انصاف و سچائی کی تحریکیں جاری ہیں وہ امام عالی مقام کے آفاقی اور جاویدانی پیغام کا ہی نتیجہ ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button