اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

سرخاب کیمپ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک

شیعیت نیوز: پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مبینہ چاروں دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد تخریب کاری، قتل اور اغوا کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ کے ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں پر حملے کی تفتیش کے دوران پشین میں کیمپ سرخاب کیمپ میں کالعدم تحریک طالبان کے شارپ شوٹر شکر دین عرف عمر خالد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی۔ جس پر سی ٹی ڈی نے کارروائی کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں : جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں نئے تعلیمی سال کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے چاروں دہشت گرد پشین میں افغان پناہ گزین کے کیمپس میں موجود تھے اور ان کے ہمراہ بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی موجود تھا۔

سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ جس پر جوابی فائرنگ کی گئی۔ طویل فائرنگ کے بعد چاروں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں شکر دین ولد تاج الدین، امین اللہ ولد عبدالاحد، احمد اللہ ولد جمعہ خان اور ایک افغان شہری عبدالفاتح افغانی شامل ہیں۔ جو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

مذکورہ دہشت گرد پشین میں سی ٹی ڈی کے افسر پر حملے، بارودی مواد کی ترسیل، بارڈر پر ایف سی اہلکاروں پر حملے، کالعدم تحریک طالبان کیلئے فنڈز جمع کرنے اور ان کی معاونت سمیت مختلف واقعات میں ملوث ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں سے رائفل، پستول، دستی بم اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کوئٹہ پولیس اسٹیشن میں کیس کا اندراج ہو چکا ہے۔ جبکہ کالعدم تنظیم کے دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button