فیلڈ مارشل کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان کی ریاست اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

شیعیت نیوز:پاکستان فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعے کو پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سکھ برادری کو یقین دلایا کہ دربار صاحب کرتاپور کو اولین ترجیح پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکر گڑھ، نارووال اور کرتاپور کا دورہ کیا۔
بیان کے مطابق دورے کا مقصد سیلابی صورت حال اور جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔
فیلڈ مارشل کو موجودہ صورت حال اور آئندہ بارشوں کے حوالے سے تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں عوام کو بچانے اور ریلیف فراہم کرنے میں شہری انتظامیہ اور فوج کی مشترکہ اور انتھک کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیالکوٹ سیکٹر کے سیلاب زدہ علاقوں میں سکھ برادری نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا اور سول انتظامیہ و فوج کی طرف سے سیلاب کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئیے: فتنہ الخوارج کی ریاست مخالف سرگرمیوں نے دوبارہ سر اٹھایا ہے‘آرمی چیف
عاصم منیر نے دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
انہوں نے متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات میں انہیں یقین دلایا کہ تمام مذہبی مقامات، جنہیں سیلاب کے دوران نقصان پہنچا ہے، بشمول دربار صاحب کرتاپور، کو اولین ترجیح پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان کی ریاست اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ان کے بروقت اور مؤثر ردِعمل کو سراہا جس کی بدولت جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔
لاہور کے نو مقامات پر سیلابی پانی داخل
پنجاب کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حکام نے جمعے کو بتایا کہ پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور کے نو مقامات پر سیلابی پانی آیا ہے۔ تاہم متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کر لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ حکومت اب سختی سے آبی گزرگاہوں میں بسنے والوں کو انخلا کا کہہ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض مقامات پر طاقت کا استعمال کر کے بھی لوگوں کا نکالا گیا۔