ڈیمز کی بروقت تعمیر سیلابی آفات سے نجات اور توانائی بحران کے خاتمے کی ضمانت ہے، پاکستان نیشنل فورم
سیاسی استحکام اور ڈائیلاگ ہی پاکستان کو معاشی خود انحصاری کی منزل تک لے جا سکتے ہیں، اجلاس کے شرکاء

شیعیت نیوز : پاکستان نیشنل فورم کے ماہانہ اجلاس میں ملک میں سیلابی صورتحال کے سدباب کیلئے ڈیمز کی تعمیر کو اولین قومی ضرورت قرار دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اگر ملک میں بروقت ڈیمز تعمیر ہوتے تو بارشوں کا عمل سیلابی آفات کا رخ اختیار نہ کرتا، بلکہ یہ پانی توانائی کے بحران کے خاتمے اور زراعت کی مضبوطی کا باعث بنتا۔
سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں ممتاز صحافی مجیب الرحمان شامی، بیگم مہناز رفیع، احمد بلال محبوب، سلمان غنی، سلمان عابد، بریگیڈیئر فاروق حمید، عبداللہ ملک، کرنل فرخ، دردانہ نجم، میجر ایراج ذکریا اور دیگر نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : مودی نے جان بوجھ پر پاکستان میں پانی چھوڑا، رمیش سنگھ
اجلاس میں کہا گیا کہ بیرونی محاذ پر پاکستان کو ملنے والی پذیرائی کو معاشی مضبوطی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے اور ملک میں سیاسی استحکام کی طرف پیش رفت ناگزیر ہے۔
شرکاء نے کہا کہ سیاسی استحکام ملک کو معاشی خود انحصاری کی طرف لے جائے گا۔ کسی جماعت اور اس کی قیادت کو دیوار سے لگانے کے بجائے سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ ضد اور ہٹ دھرمی سے نہ تو ملک آگے بڑھ سکتا ہے اور نہ ہی انتشار کا خاتمہ ممکن ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی انتہا پسندی نے بھارت کو جگ ہنسائی کا باعث بنا دیا ہے، جبکہ پاکستان کے جرات مندانہ طرزِ عمل نے دنیا میں اس کی اہمیت کو بڑھایا ہے جسے ملک میں استحکام کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔