مقبوضہ فلسطین

علی اکبر ولایتی کا اسماعیل ھنیہ کو فون، مزاحمتی کارروائیوں پر مبارک باد

شیعیت نیوز: کل منگل کواسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ اسماعیل ھنیہ سے فون پر بات کی۔

رپورٹ کے مطابق علی اکبر ولایتی نے فلسطین کے مغربی کنارے میں مزاحمتی کارروائیوں پر اسماعیل ھنیہ کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ان کی مزاحمت کی حمایت کرنے کے لیے اسلامی جمہوریہ کے ٹھوس موقف کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری طرف اسلامی مزاحمتی تحریک حماس  کے قائد نے ایرانی عہدیدار سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی تازہ ریاستی دہشت گردی اور فلسطین کی تازہ صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ایران کی طرف سے فلسطینیوں کی بے لوث حمایت پر تہران حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دو فلسطینی قیدی فلسطینی اتھارٹی کے عقوبت خانے سے رہا

دوسری جانب قابض اسرائیلی حکومت میں قومی سلامتی کے وزیرایتماربن گویر نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں ’’سکیورٹی کنٹرول‘‘ کو مضبوط بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ بین گویر کے اعلان کردہ منصوبے کا بجٹ 120 ملین شیکل ہے۔

بین گویر کے منصوبے میں شہر میں نگرانی کے مزید نظام کی تعیناتی، قابض اسرائیلی پولیس کے ارکان کی تنخواہوں اور اس کے ارکان کی تعداد میں اضافہ، قابض اسرائیلی پولیس کے مراکز کی تعمیر کے منصوبوں کو مضبوط کرنا اور جبل المکبر قصبے میں ایک پولیس مرکز کا قیام شامل ہے۔

یہ فیصلہ القدس پر قابض اسرائیل کے کنٹرول کو مضبوط کرنے کے ’’پانچ سالہ منصوبے‘‘ کا حصہ ہے، جس کا اعلان گذشتہ مئی میں بینجمن نیتن یاہو کی حکومت نے کئی وزارتوں اور یروشلم میں قابض اسرائیلی میونسپلٹی کے تعاون سے کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button