سعودی عرب

ایران میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے 7 سال بعد کام کا باقاعدہ آغاز کردیا، سعودی میڈیا

شیعیت نیوز: ایران کے دارالحکومت تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے 7 سال بعد دوبارہ کام شروع کردیا۔ دوسری طرف سعودی عرب کی عمرہ زائرین کو خصوصی ہدایت جاری کر دیں۔

ایران کی وزارت خارجہ میں ایک با خبر ذریعے نے ایک گفتگو میں بتایا ہے کہ ایران میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے گزشتہ اتوار سے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے اس اقدام کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جون میں ایران نے سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنے سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی تھی۔

گزشتہ برس صدر ایران سید ابراہیم رئيسی کے بیجنگ دورے کے بعد تہران و ریاض کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لئے چین میں مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا اور 10 مارچ 2023 ميں بیجنگ میں ایک سہ فریقی اعلان پر دستخط ہوئے اور ایران و سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کی اطلاع دی گئی۔

یاد رہے کہ مارچ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا۔

گزشتہ 6 جون کو سعودی عرب میں ایران کا سفارت خانہ اور کونسیلٹ کھول دیا گيا۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی صدر محمود عباس نے 12 فلسطینی گورنرز برطرف کردیے

دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ہدایت کی ہے کہ عمرہ زائرین عمرے کی ادائیگی کے وقت پرسکون انداز میں عبادت کریں۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایک بیان میں عمرہ زائرین کو ہدایت کی کہ آپ کو سکون، اطمینان اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے خاص طور پر بھیڑ والی جگہوں پر پرسکون انداز میں رہیں۔

وزارت حج نے اس حوالے سے ایک حدیث بھی بیان کی جس میں آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’’اے لوگو، پرسکون رہو‘‘۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت حج کی طرف سے عازمین کو روز مرہ حالات کے مطابق ضروری مشورے دیئے جاتے ہیں۔

اس ضمن میں حال ہی میں وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ گرمیوں کے دنوں میں عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مشروبات کا استعمال کریں اور خود کو گرمی سے بچائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button