مقبوضہ فلسطین

غاصب صیہونی فوج کا طولکرم کیمپ پر حملہ، ایک فلسطینی شہید اور 8 زخمی ہو گئے

شیعیت نیوز: فلسطینی ذرائع نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع طولکرم کیمپ پر غاصب صیہونی فوج کے بڑے پیمانے پر حملے کے دوران متعدد فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فلسطینی ذرائع نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع طولکرم کیمپ پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت اور دیگر 8 افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت کے بیان میں آیا ہے کہ 25 سالہ نوجوان محمود جہاد جراد طولکرم کیمپ پر غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے کے دوران سینے میں گولیاں لگنے سے شہید جب کہ ایک خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے طولکرم کیمپ پر حملہ کیا، کچھ عمارتوں کے اوپر صہیونی اسنائپرز تعینات تھے۔

ان ذرائع نے اس کیمپ میں فلسطینی مجاہدین اور جارح صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاع دی۔ صہیونی فوجیوں نے طولکرم کیمپ کے اندر زخمی فلسطینیوں کے علاج کے لیے فلسطینی ہلال احمر کی ایمبولینسوں کی نقل و حرکت کو روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں : نائیجر میں سیاسی بحران عروج پر، باغیوں نے نئی عبوری حکومت تشکیل دی

دوسری جانب قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف استقامتی محاذ کے مجاہدین سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ڈٹ گئے ہیں۔

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کی فوجی شاخ سرایا القدس کے کئی مجاہدین غزہ گئے ہیں اور انہوں نے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ غاصب صیہونیوں کے خلاف ان کی مزاحمت جاری ہے اور وہ پوری طاقت کے ساتھ قدس کے غاصب دشمن کی شکست اور مقبوضہ علاقوں کی واپسی تک اپن حملے جاری رکھیں گے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن، غزہ اور دیگر علاقوں میں سرایا القدس کے مجاہدین اور رہنما اپنی سرزمینوں کی آزادی اور مقدسات کی حفاظت کے لئے میدان میں آئیں گے اور فلسطین اور قدس کے خلاف صیہونی حکومت کی بربریت اور مظالم کے سامنے ڈٹ جائیں گے۔

واضح رہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت اور بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور ایک تازہ واقعہ میں نابلس میں صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button