اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے قرآن مجید کی بے حرمتی کی مذمت میں قرارداد منظور کر لی

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منگل کے روز ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں مقدس کتابوں کے خلاف شدت پسندی اور ان کی بے حرمتی کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے طور پر مذمت کی گئي ہے۔
اقوام متحدہ کی 193 ارکین پر مشتمل جنرل اسمبلی نے، مراکش کی جانب سے پیش کی گئي قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور ہونے والی اس قرارداد میں، کسی کے مذہب یا خیالات کی بناء پر اس کے خلاف ہر طرح کے تشدد اور اسی طرح مذہبی علامتوں، مقدس کتابوں ، گھروں، کاموں، ملکیتوں، اسکولوں، ثقافتی مراکز یا عبادت گاہوں اور زيارت گاہوں کے خلاف ہر طرح کے اقدام اور حملے کی مذمت کی گئي ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گيا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کا زبردست آپریش، متعدد داعشی دہشت گرد ہلاک
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی 12 جولائي کو اسلامی ملکوں کی جانب سے پیش کی گئي ایک قرارداد کو منظوری دے کر قرآن مجید کی بے حرمتی کی مذمت اور اس اقدام کا جائزہ لے کر انسانی حقوق کے اعلی کمیشن کو رپورٹ دینے کی ہدایت کی تھی حالانکہ مغربی ملکوں نے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی لیکن اس کے باوجود قرارداد منظور ہوئي اور اس میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی مذمت کا مطالبہ کیا گيا اور اسے ’’مذہبی منافرت‘‘ کے تحت اٹھایا جانے والا قدم بھی قرار دیا۔
امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے بلجیئم نے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی لیکن انسانی حقوق کے کمیشن نے اکثریت سے اس قرارداد کو منظور کر لیا۔
یاد رہے حالیہ دنوں میں یورپی ملکوں میں قرآن مجید کی بے حرمتی کا ایک سازش کے تحت سلسلہ شروع کر دیا گيا ہے۔