اہم ترین خبریںپاکستان

جیکب آباد، شہدائے کربلا کی یاد میں پیغام کربلا کانفرنس کا انعقاد

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے پیغام کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی بے مثال قربانی کے سبب امام حسین علیہ السلام عالی مقام ہر رنگ نسل اور مذہب کے انسان کے محبوب ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی بے مثال قربانی کی یاد میں مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں پیغام کربلا کانفرنس کی میزبانی کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

کانفرنس سے ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماء انتظار حسین چھلگری، ممتاز عالم دین علامہ سید اشفاق حسین نقوی، انجمن سپاہ علی اکبر علیہ السلام کے وائس چیئرمین راجہ سید ریاض علی شاہ، سماجی رہنماء محترمہ غلام کبریٰ، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر منصب علی بروھی، سید کامران علی شاہ، مسیحی رہنماء پادری منیر بشیر، پادری شیرون یوسف، کونسلر دلمراد لاشاری، خطیب اہل بیت حسین بخش عابدی و دیگر نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں : قرآن مجید کی توہین ناقابل برداشت ہے، علامہ حافظ ریاض نجفی

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کا قیام اور تحریک کربلا بنی نوع انسان کے لئے عظیم درسگاہ کا درجہ رکھتی ہے۔ اپنے آفاقی پیغام اور ظلم و استکبار سے ٹکرانے کے سبب امام حسین علیہ السلام ہر دور کے اہل حق کے لئے اسوہ حسنہ ہیں۔ اپنی بے مثال قربانی کے سبب امام حسین علیہ السلام عالی مقام ہر رنگ و نسل اور مذہب کے انسان کے محبوب ہیں۔

پیغام کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی پادری منیر بشیر نے کہا کہ دنیا بھر کے مسیحی حضرت امام حسین علیہ السلام سے محبت کرتے ہیں۔ کربلا میں جناب وھب، جناب جون اور دیر راہب کے واقعات میں مسیحیوں کی امام حسینؑ عالی مقام سے محبت کی جھلک نظر آتی ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتظار حسین چھلگری نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ نے سرکیڈارو میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کی لازوال قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کانفرنس کے اختتام پر معزز شرکاء کو سیرت و سوانح حضرت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے کتابوں کے تحفے پیش کئے گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button