محرم میں لوڈشیڈنگ کی بدولت دہشتگردی ہوئی تو مقدمہ کے الیکٹرک کے سی ای او کیخلاف درج ہوگا، جعفریہ الائنس پاکستان
انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایام عزا کی مناسبت سے منعقد ہونے والے عزاداری کے اجتماعات کے دوران بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کو پابند کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے

شیعیت نیوز: جعفریہ الائنس پاکستان کے جنرل سیکریٹری شبر رضا رضوی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے عزاداری کے اجتماعات کے دوران لوڈشیڈنگ کرنا دہشت گردوں کو دہشت گردی کا موقع فراہم کرنے مترادف ہے، اگر محرم الحرام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بدولت خدانخواستہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تو اس پر دہشت گردی کا مقدمہ کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف درج کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شبر رضا رضوی کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو سندھ پولیس، رینجرز اور پاک افواج دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہیں اور تمام تر سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کمر بستہ ہیں تو وہیں دوسری جانب مجالس عزا کے دوران لوڈشیڈنگ کرکے دہشت گردوں کو دہشت گردی کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ، جلوسوں عزا کی سکیورٹی کیلئے فوج تعینات، ڈبل سواری پر پابندی
شبر رضا رضوی نے کہا کہ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے اوقات میں تبدیلی کرے تاکہ دہشت گردوں کو کسی بھی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جاسکے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سمیت ارباب اقتدار سے بھی مطالبہ کیا کہ محرم الحرام کے موقع پر لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف فوری کاروائی کرے۔
انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایام عزا کی مناسبت سے منعقد ہونے والے عزاداری کے اجتماعات کے دوران بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کو پابند کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے، لوڈشیڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتہاپسند عناصر کسی بھی دہشتگردانہ کارروائی میں خدانخواستہ کامیاب ہوئے تو اس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت اور کے الیکٹرک پر عائد ہوگی۔