عاشورہ کے سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، آئی جی بلوچستان
شیعیت نیوز: انسپیکٹر جنرل بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بلوچستان کے تمام اضلاع میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع حکمت عملی کے تحت فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں واقع سینٹرل پولیس کے دفتر میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور انجمن تاجران کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر بلوچستان پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی بلوچستان اعلیٰ پولیس افسران کو بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام اور عاشورہ کے جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لئے تشکیل کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ جبکہ شہر میں داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ حساس مقامات، امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اتحاد بین المسلمین کے داعی علامہ حسن ترابی کی شہادت کو 17 سال بیت گئے، قاتل آج بھی آزاد
آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ عاشورہ کے جلوس کے تمام روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے اور اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں۔ تمام مکاتب فکر کے علماء اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم کریں۔ صوبے کے حساس مساجد، امام بارگاہوں، پبلک مقامات اور مارکیٹوں کے قریب پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع حکمت عملی کے تحت فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی چوہدری سلمان، ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر، اے آئی جی آپریشن عبدالحق عمرانی، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ذوہیب محسن سمیت پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔







