فلسطینیوں نے اسرائیل کے ڈرون طیارے کو مار گرایا

شیعیت نیوز: استقامتی محاذ کے جانبازوں نے اسرائیل کے ایک اور ڈرون طیارے کا شکار کر کے اُسے تباہ کر دیا۔
فلسطین کی خبر رساں ایجنسی شہاب کی رپورٹ کے مطابق استقامتی محاذ کی بریگیڈ سرایا القدس کے جانبازوں نے جنین میں اسرائیل کے ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے۔
اسرائیلی ڈرون فائرنگ کے بعد سرنگوں ہوا تاہم مزاحمتی محاذ نے غنیمت میں لئے جانے والے اس ڈرون کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے اور غاصب صیہونی حکومت نے ابھی تک اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔
ناجائز صیہونی ٹولہ اپنے ڈرون طیاروں کو فلسطینیوں کی جاسوسی کرنے اور ان پر بمباری یا شیلنگ کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مغربی کنارے کو مسلح کرنے کا رہبر معظم انقلاب کا مطالبہ پورا ہو چکا ہے، زیاد النخالہ
دوسری جانب کل ہفتے کے روز اسرائیلی قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں تلاشی کے دوران متعدد فلسطینی نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کر لیا۔
قابض صیہونی فوج نے متعدد نوجوانوں کو مسجد کے صحنوں میں روکا، انہیں گرفتار کرنے اور مسجد سے باہر لے جانے سے پہلے ان پر حملہ کیا۔
قابض صیہونی فوج نے ظہر کی نماز کے قریب آتے ہی القدس کی مسجد الاقصیٰ کی قریبی کالونیوں اور مسجد کے دروازوں میں ناکے لگا لیے۔ مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کو فلسطینیوں کے داخلے کے لیے بند کردیا گیا اور وہاں سے مسجد میں داخل ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
پرانے شہر میں قابض صیہونی فوج کی بڑی تعداد میں تعیناتی کے دوران قابض صیہونی فوج نے فلسطینیوں کو باب الاسباط سے داخل ہونے سے روک دیا۔
بیت المقدس کے باشندے بھی ظہر کی نماز ادا کرنے، قابض صیہونی افواج کا مقابلہ کرنے اور مسجد اقصیٰ تک پہنچنے سےروکنے کے خلاف وہاں پر جمع ہوئے۔