فیصل بن فرحان کے ہاتھوں تہران میں سعودی سفارت خانے کا افتتاح

شیعیت نیوز: سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اپنے دورہ تہران کے موقع پر ایران کے اپنے ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے ساتھ ملاقات کی ہے جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔
خبرنگاروں کے ساتھ اپنی گفتگو میں سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی حکام کے ساتھ آج کے مذاکرات انتہائی مثبت اور واضح تھے۔
اس حوالے سے سعودی چینل العربیہ نے فیصل بن فرحان سے نقل کیا ہے کہ یہ دورہ ریاض و تہران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے اس معاہدے کو مکمل کرنے کے لئے انجام پایا ہے کہ جس پر بیجنگ میں دستخط کئے گئے تھے جبکہ میں تہران آ کر انتہائی خوش ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : سلیمان فرنجیہ صدارت کے لیے موزوں امیدوار ہیں، علی المقداد
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے تہران میں سعودی سفارت خانہ کھول دیا ہے اور جلد ہی سعودی عرب میں بھی ایرانی سفارت خانہ کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے سعودی سفارت خانہ کھولنے میں سہولیات کی فراہمی پر ایرانی وزارت خارجہ کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا انتہائی ضروری ہے اور ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی سے خطے سمیت پورے عالم اسلام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
فیصل بن فرحان نے علاقائی سلامتی بالخصوص بحری سکیورٹی اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے خطے کی نجات کے حوالے سے سعودی عرب و ایران کے درمیان وسیع باہمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ میں ایران کے صدر سے بھی ملاقات کروں گا تاکہ انہیں سعودی بادشاہ و ولی عہد کا تہنیتی پیغام پہنچا اور ریاض کے سرکاری دورے کی باقاعدہ دعوت دے سکوں!