دنیا بھر سے فرزندگان توحید حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچنا شروع

شیعیت نیوز: سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آنے والے فرزندگان توحید پر اپنے ہمراہ پلاسٹک کی بوتلیں، بغیر پیکنگ کے کھلا ہوا اور کپڑوں میں لپٹا ہوا سامان لانے پر پابندی ہوگی۔
سعودی میڈیا کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری طوری پر نافذ العمل ہوگا جس کا اعلان وزارت حج و عمرہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر کیا۔ یہ پابندیاں عازمین حج کے سفر کو آرام دہ اور محفوظ بنانے کے لیے عائد کی گئی ہیں۔
وزارت حج و عمرہ کے ضیوف الرحمان کا فضائی سفر کے دوران ممنوعہ سامان لانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے ان ہدایات پر ضرور عمل کریں۔
قبل ازیں وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ سعودی عرب آمد پر اپنے نقدی اور پُرتعیش اشیا سے متعلق مکمل تفصیلات سے ایئرپورٹ کے عملے کو آگاہ کریں۔ بیرون ملک کی کرنسی اور قیمتی اشیا اتنی ہی لائیں جتنی مقدار میں اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے فرزندگان توحید حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور اس بار ریکارڈ حاضری کے باعث حکومت نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عراق اور سعودی عرب گیس فیلڈ کی ترقی پر متفق ہیں
دوسری جانب سعودی حکام نےمکۂ مکرمہ اور مدینۂ منورہ کے مقدس مقامات کے اندر تصویر اور فلم بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج نے اعلان کیا ہے کہ مکۂ مکرمہ اور مدینۂ منورہ کے مقدس مقامات کے اندر تصاویر اور ویڈیوز لینا منع ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے بھی اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ حجاج کرام اس وزارت کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کا اطلاعیہ یا پمفلٹ بھی تقسیم نہیں کر سکتے۔
اس سے قبل دوہزار بیس میں بھی سعودی حکام نے مسجد الحرام، مسجد النبی (ص) اور اسکے آس پاس کے مقامات پر سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ یہی اتفاق دوہزار سترہ میں بھی پیش آیا جب مسجد النبی (ص) کے اندر ایک صیہونی بلاگر نے اپنی سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔
اس واقعے کے بعد صیہونی حکام کو بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہوں نے مسجد الحرام اور مسجد النبی (ص) کے اندر سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔