دنیا

دوسرے ممالک کی جانب سے شام کے ساتھ تعلقات بحالی پر امریکہ ایک بار پھر تشویش میں مبتلا

شیعیت نیوز: گزشتہ روز امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن کبھی بھی شام کے ساتھ تعلقات بحال نہیں کرے گا۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں شام کی عرب لیگ میں واپسی پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے کہ شام عرب لیگ میں واپسی کا مستحق تھا اور ہم نے اس موضوع کے حوالے سے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ تو ہم خود اسد حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کریں گے اور نہیں کسی دوسرے ملک کی جانب سے ایسا کرنے پر اس کی حمایت کریں گے۔

امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان کا بیان اُس وقت سامنے آیا جب عرب ممالک نے شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : صہیونی افواج لبنان اور شام کی سرحدوں پر فوجی مشقیں کریں گی

اسی سلسلے میں شام کی نائب وزیر خارجہ ایمن سوسان نے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے خبر دی کہ شام کے صدر بشار الاسد بہت جلد جدہ جائیں گے۔

ایک عرب اخبار نے 17 مئی کو ایک رپورٹ میں لکھا کہ دمشق کے اعلیٰ حکام نے اعلان کیا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد جمعہ کو جدہ میں ہونے والی عرب سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

یہ خبر شامی وزیر خارجہ فیصل المقداد اور دیگر حکومتی عہدیداران کے دورہ جدہ کے دوران نشر ہوئی۔ شام کے وزیر خارجہ عرب سربراہی اجلاس کے مقدماتی سیشن میں شرکت کے لئے سعودی عرب پہنچے۔

واضح رہے کہ فیصل المقداد نے 12 سال کے بعد عرب لیگ کے کسی بھی اجلاس میں شرکت کی ہے۔

یاد رہے کہ 7 مئی کو عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں شام کی اس لیگ میں واپسی کا اعلان کیا گیا۔

جس کے بعد انٹرنیشنل میڈیا نے عرب ممالک کے سفارتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ جاری کی کہ مذکورہ بالا فیصلے کے بعد بشار الاسد پہلی مرتبہ عرب سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button