اسماعیل ھنیہ کا اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل سے حالیہ اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال
شیعیت نیوز: اسلامی تحریک مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ سےغزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت پر ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس کےکمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت کی مذمت کی اور اسلامی جہاد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمتی قوتوں اور قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی حالیہ اسرائیلی جارحیت میں فلسطینی قوم میں مثالی یکجہتی اور اتحاد کی مساعی کو سراہا۔
حماس کے سربراہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ مزاحمت ہماری عوام کے قائدین اور شہداء کے خون سے وفاداری کا مظاہرہ کرے گی۔
جوائنٹ کنٹرول روم کے ذریعے اجتماعی حکمت عملی پر فخر کا اظہار کیا اور اس دوران القدس بریگیڈ کے بہادر مجاھد بھائیوں کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : نکبہ کے بعد جبری بے دخل کیے گئے فلسطینیوں کی تعداد میں 10 گنا اضافہ
دوسری طرف زیاد النخالہ نے فون پر بات کرتے ہوئے حالیہ اسرائیلی جارحیت میں فلسطینیوں کے اتحاد اور اسلامی جہاد کے ساتھ یکجہتی کو سراہا۔
ٹیلی فونی گفتگو کے دوران زیاد النخالہ نے بھی فلسطینی مزاحمتی گروہوں سے وابستہ جوانوں کے جذبہ استقامت اور باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے اسے قابل فخر قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی کی مسلط کی گئی جارحیت میں فلسطینی قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں دشمن کی جارحیت میں فلسطینی قوم فتح مند ہوئی اور یہ فتح تمام فلسطینی قوم اور مزاحمتی قوتوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ القدس بریگیڈ ہر لمحے فلسطینی عوام پر اپنی جان نچھاور کرنے کے لئے تیار ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج نےغزہ کی پٹی پر پانچ روز تک جاری رہنے والی جارحیت میں تیس سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔







