یورپی یونین ایتمار بن گویر سے ملاقات کا خواہاں نہیں، صیہونی میڈیا

شیعیت نیوز: یورپی یونین نے اسرائیلی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یورپ کے قومی دن کی تقریب میں ایتمار بن گویر ، تل ابیب کے نمائندے کے طور پر شریک نہ ہو۔
صیہونی میڈیا نے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب میں یورپی یونین کے سفیر نے اسرائیل کی وزارت خارجہ سے کہا ہے کہ صیہونی وزیر داخلہ ایتمار بن گویر یورپ کے قومی دن کی تقریب میں شرکت سے پرہیز کریں۔
اس رپورٹ کے ابتدائی حصے میں بتایا گیا تھا کہ صیہونی حکومت کی کابینہ نے ایتمار بن گویر کو اس تقریب میں اپنے نمائندے کے طور پر منتخب کیا تھا۔ نیز منگل کو ہونے والی اس تقریب میں مذکورہ وزیر نے خطاب بھی کرنا تھا۔
عبرانی ذرائع کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں یورپی سفیران، صیہونی وزیر داخلہ کے موقف کی وجہ سے اُن سے ملاقات سے احتراز برتتے ہیں۔ حالانکہ یورپی یونین کی جانب سے مذکورہ وزیر پر کوئی پابندی بھی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رام اللہ، اسرائیل کے لئے بنا غیر محفوظ، ایک نئی تنظیم الجزون بریگیڈ کا بیان
واضح رہے کہ صیہونی وزیر داخلہ اپنی متشدد پالیسیوں کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔ قبل ازیں صیہونی اپوزیشن لیڈر یائیر لاپیڈ کہہ چکے ہیں کہ بنیامین نتین یاہو اسرائیل کو وزیر داخلہ کے اقدامات کے سبب افراتفری میں جھونک دیں گے۔
اپوزیشن کے مطابق، اس حکومت کے سیاستدان اور سابق پولیس افسران نتین یاہو سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ ایتمار بن گویر کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیں کیونکہ ان کی انتہاء پسندانہ پالیسیاں اور نسل پرستانہ اقدامات فلسطین میں تیسری انتفاضہ کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔
یورپی حکام کی جانب سے ایسے اقدامات اس وقت پیش آ رہے ہیں جب امریکہ نے بھی اس حوالے سے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن، نتین یاہو کی کابینہ میں موجود ایتمار بن گویر اور بزالل اسموٹریچ جیسے وزراء کی وجہ سے اسرائیل کی مالی اور سکیورٹی حمایت کرنے کے بارے میں اپنی پالیسی پر نظر ثانی کر رہا ہے۔