پاراچنار، اہلسنت مشران کی مرکزی امام بارگاہ آمد، سانحہ تری منگل پرشیعہ قوم سے تعزیت
شیعیت نیوز:سانحہ تری منگل کے بعد اہلسنت مشران حاجی سلیم خان، مفتی شاہ نواز، ملک فخر زمان، تحصیل چئیرمین ارشد زمان، عبدالمنان، نیاز بادشاہ، ملک عبد الولی سمیت دیگر مشران مرکزی امام بارگاہ پاراچنار آئے اور اہل تشیع مشران سے سانحے پر تعزیت کی اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر اہل سنت مشران نے کہا کہ ضلع کرم کی امن اولین ترجیح ہے ان شاء اللہ امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے، امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر بیرونی ایجنڈے پر کار فرما ہیں انشاء اللہ ان کی یہ کوششیں کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے حکومت سے دونوں واقعات میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے اور کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاراچنار، زیڑان قبائل کا آٹھ بیگناہ شیعہ افراد کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
انجمن حسینیہ کے سیکرٹری عنایت حسین طوری نے اہل سنت مشران کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب بھائی بھائی ہیں، ان شاء اللہ جلد شرپسند عناصر بے نقاب ہونگے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد حسین طوری، انجمن حسینیہ کے سیکرٹری عنایت حسین، تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین، ڈی سی کرم سید سیف الاسلام شاہ، اے سی سمیت دیگر سرکاری حکام، ڈی پی او محمد عمران پی ٹی آئی کے رہنماء ارشاد بنگش، چئیرمین ملک سید اصغر، حاجی عابد حسین اور دیگر اہل تشیع مشران موجود تھے۔







