دنیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خواتین کے موضوع پر طالبان کے خلاف قرارداد منظور

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں خواتین پر عائد پابندیوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔ دوسری طرف امریکہ میں 2 فوجی ہیلی کاپٹرز ٹکرا گئے جس میں 3 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ قرارداد سلامتی کونسل کے تمام پندرہ اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے شروع میں اعلان کردہ پابندی انسانی حقوق اور انسانی اصولوں کو ٹھیس پہنچاتی ہے۔

ساتھ ہی سلامتی کونسل نے اس قرارداد میں طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان پالیسیوں اور طریقوں کو جلد از جلد تبدیل کریں جو خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے خلاف ہیں اور اُنہیں محدود کرتی ہیں۔ قرارداد میں طالبان سے خواتین پر عائد تمام پابندیاں واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قابض اسرائیلی ریاست میں بجلی کی بندش ، سائبر حملے کا شبہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں ’سنگین معاشی اور انسانی صورت حال‘ کے دوران اقوام متحدہ کے مشن اور اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیوں کی ’مسلسل موجودگی کی اہمیت‘ پر بھی زور دیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں افغان حکومت نے مقامی خواتین کو اقوام متحدہ میں کام کرنے سے روک دیا تھا۔

حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والی خواتین پر پابندی عائد کرنا ہمارے ملک کا اندرونی معاملہ ہے، ہمارے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔

دوسری جانب امریکہ میں 2 فوجی ہیلی کاپٹرز ٹکرانے سے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹروں میں تصادم کا واقعہ ریاست الاسکا میں پیش آیا۔ واقعے میں ایک فوجی اہلکار زخمی بھی ہوا جس کی حالت تشویشناک ہے۔

دونوں ہیلی کاپٹرز ٹریننگ کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرائے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ امریکہ میں 6 ماہ کے اندر فوجی ہیلی کاپٹرز کے ٹکرانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button