فلسطینی عوام کی مشکلات کے دن ختم ہونے والے ہیں، فلسطینی وزیرخارجہ

شیعیت نیوز: فلسطین کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی مشکلات اور مسائل کے دن اب ختم ہونے والے ہیں۔
فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنی تقریر میں سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے آغاز یا یوم نکبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سترسال سے زائد کا عرصہ گذر جانے کے بعد آج بھی فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری طور پر نکالنے اور فلسطینیوں کی زمینوں کو ہڑپنے کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطین کے وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کے منشور کی پابندی کی جاتی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جاتا تو فلسطین میں امن کافی پہلے برقرار اور غاصبانہ قبضے اور نسلی امتیاز کا خاتمہ ہوچکا ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو گاڑی تلے کچل ڈالا، دو گرفتار
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے مسائل و مشکلات کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے۔
فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ فلسطین کے عوام جس چیز کا مطالبہ کررہے ہیں وہ صرف یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کی پابندی کی جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ہفتے کو ایک بل کی منظوری دی تھی جس میں ہیگ کی عالمی عدالت سے کہا گیا تھا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی، طویل غاصبانہ قبضے، غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر اور مقبوضہ بیت المقدس میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے لئے صیہونی حکومت کے اقدامات کے خلاف حکم جاری کرے۔
یوم نکبت فلسطینیوں کے لئے اس تلخ تاریخ کی یاد دلاتا ہے جب مئی انیس سو اڑتالیس کو فلسطینیوں کی زمینوں پر جبری قبضہ کر کے آٹھ لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو بے گھر کردیا گیا تھا اور یوں بہت بڑی تعداد میں فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑنے اور دیگر علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے۔