دمشق میں المزہ کے علاقے میں کار بم دھماکہ
شیعیت نیوز: شامی ذرائع ابلاغ نے آج پیر کی صبح دمشق میں المزہ کے علاقے میں کار بم دھماکے کی خبر دی ہے۔
اس حوالے سے شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بریکنگ نیوز دیتے ہوئے بتایا کہ ایک کار میں نصب بم کی وجہ سے دھماکہ ہوا ہے، تاہم اس دھماکے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
اس حوالے سے دمشق کے پولیس ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ المزہ کے علاقے میں ایک دھماکے کی آواز سنائی دی ہے، جو ایک شہری کی گاڑی میں لگے بم کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو آگ لگ گئی، البتہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب، ٹیلی گرام سے دہشت گرد تنظیموں کے سینکڑوں اکاؤنٹ اور لاکھوں پوسٹس ڈیلیٹ
واضح رہے کہ بم دھماکے کی خبر ایسے موقع پر سامنے آئی، جب عرب میڈیا نے ٹھیک اسی مقام پر موجود عسکری ائیر پورٹ پر صیہونی فضائی حملے کی اطلاع دی۔ لیکن شام کے سرکاری ذرائع نے اسرائیل کے فضائی حملے کی تردید کی ہے۔
گذشتہ صبح عرب الیکٹرانک میڈیا نے حمص کی فضائی حدود میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی خبر دی تھی، جس کے بعد بتایا گیا کہ ’’الکدیر‘‘ قصبے کے قریب ’’الضبعه‘‘ ائیر پورٹ کو صیہونی حکومت نے اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے عراق کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی، شیاع السودانی
آخری تین دنوں میں شام پر اسرائیل کا یہ تیسرا حملہ ہے۔ جس کے بعد شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے حمص پر ہونے والے حملے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کا اعلان کیا۔
غاصب صیہونی حکومت اس وقت شام پر حملے کر رہی ہے، جب گذشتہ روز دمشق انتظامیہ نے اپنی سرزمین کے خلاف اسرائیلی حملوں کو فاشسٹ قرار دیا۔ شامی حکومت نے موقف اپنایا کہ وہ صیہونی فاشسٹ جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔







