سعودی جارحیت میں 768 یمنی شہید و زخمی، اقوام متحدہ کو مراسلے، یمنی وزارت خارجہ

02 نومبر, 2026 15:36

شیعیت نیوز : یمن کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، جنرل اسمبلی کے صدر، یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل کے ارکان، اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک، یورپی یونین اور افریقی یونین کو مراسلے بھیجے ہیں۔

مراسلوں میں بتایا گیا ہے کہ 13 جولائی 2026 کو صنعا ایئرپورٹ پر حملے سے شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد سے یمن پر 3830 سے زائد سعودی فضائی حملے اور میزائل حملے کیے جا چکے ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق 30 اکتوبر تک ان حملوں میں 768 یمنی شہید و زخمی ہوئے۔ شہداء کی تعداد 232 ہے جن میں 68 بچے اور 35 خواتین شامل ہیں، جبکہ 536 زخمیوں میں 137 بچے اور 72 خواتین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تعز کے الشمایتین میں گھر پر سعودی بمباری، ماں اور چار بچے شہید

مراسلوں میں الجوف کے مرکزی بازار سوق الحزم پر حملے کا ذکر کیا گیا جس میں 3 بچوں اور 2 خواتین سمیت 14 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے، جبکہ تعز کے علاقے الشمایتین میں باجاش خاندان کے گھر پر حملے میں 4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 6 افراد شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ الحدیدہ کے میڈیکل کالج اور باجل میں آئل کمپنی کے اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

یمنی وزارت خارجہ نے ان حملوں کو 1949 کے چوتھے جنیوا کنونشن اور 1977 کے اضافی پروٹوکول اول کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری کی خاموشی کو اخلاقی و قانونی ناکامی اور دوہرا معیار قرار دیا جو سعودی رجیم کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

وزارت خارجہ نے یمنی عوام کے حقوق کے حصول، بالخصوص سعودی جارحیت کے خاتمے اور 12 سال سے مسلط محاصرے کو ختم کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

4:54 شام نومبر 2, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔