تل ابیب میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے کھلنے پر جہاد اسلامی کی مذمت

شیعیت نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک جہاد اسلامی نے تل ابیب میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے کھلنے کی مذمت کی ہے۔
جہاد اسلامی نے اس اقدام کو صیہونی وزیراعظم نتین یاہو اور اس کی انتہاء پسند کابینہ کی حالیہ بحران میں نجات سے تعبیر کیا ہے۔
اس سلسلے میں جہاد اسلامی کے سینئیر رہنما خالد البطش نے کہا ہے کہ مقبوضہ سرزمین میں ایک مسلمان ملک کی حیثیت سے آذربائیجان کے سفارت خانے کا افتتاح نتین یاہو کی تقویت کا باعث بنے گا۔ اس کے علاوہ تل ابیب کے ساتھ تعلقات کی بحالی، مسئلہ فلسطین کی پشت میں ایک زہر آلود خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کے فاشسٹ حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، شامی وزارت خارجہ
انہوں نے مزید کہا کہ بہتر تو یہ ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات بحالی کے خواہاں آذربائیجان اور دیگر مسلم و عربی ممالک فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوتے، ان کی حمایت کرتے اور صیہونی قبضے کے خلاف ان کی مدد کرتے۔
خالد البطش نے کہا کہ جہاد اسلامی صیہونی حکومت کے ساتھ کسی عرب یا مسلم ملک کے تعلقات بحال کرنے کی مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت داخلی بحران کی وجہ سے تل ابیب کی صورت حال کافی خراب ہے۔ ان حالات میں آذربائیجان کے سفارت خانے کا افتتاح نتین یاہو اور اس کی بنیاد پرست کابینہ کو لائف لائن مہیا کرنا ہے۔
آخر میں جہاد اسلامی کے رہنما خالد البطش نے کہا کہ اسرائیل کو نابود ہونا ہے اور اس سلسلے میں تعلقات بحالی کے تمام منصوبے دھرے رہ جائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سرکاری طور پر تل ابیب میں آذری سفارت خانہ نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ سفارت خانے کے افتتاح کے مراحل آذری وزیر خارجہ جیحون بایراموف کے دورہ اسرائیل کے بعد انجام پائے۔