دنیا

جھوٹے الزام میں میری ممکنہ موت اور تباہی ہمارے ملک کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے، ٹرمپ

شیعیت نیوز: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں اپنی ممکنہ موت اور تباہی سے خبردار کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق سابق امریکی صدر کی جانب سے ان خدشات کا اظہار ایسے وقت میں کیا گیا جب کہ اس سے چند گھنٹے قبل ہی پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز کو ’خاموش رہنے کے لیے بطور رشوت رقم کی ادائیگی‘ کی تحقیقات کرنے والے نیویارک کے پراسیکیوٹرز نے یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں ہراساں نہیں جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ان کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹروتھ‘ کے ذریعے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ پر زبانی حملے کرتے ہوئے غلط پیش گوئی کی تھی کہ انہیں تین روز بعد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ 2020 میں ان کی شکست دھوکہ دہی کا نتیجہ تھی، ان کے اس دعوے کی وجہ سے ان کے حامیوں نے جنوری 2021 میں کانگریس کو ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کے انتخاب کی تصدیق سے روکنے کی ناکام کوشش میں امریکی کیپیٹل پر حملہ کیا جب کہ جوبائیڈن نے ریپبلکن کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو 70 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ  بھی پڑھیں : برطانوی اور صیہونی وزرائے اعظم کے بیہودہ الزام پر ایران کا ردعمل

2024 میں ہونے والے انتخابات کے ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے خواہاں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ کیسے کسی ایسے شخص پر جو امریکہ کا ایک سابق صدر ہے جس نے تاریخ کے کسی بھی صدر سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں اور جو ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کے لیے اب تک کا سرکردہ امیدوار ہے، اس پر کوئی شخص جرم کا الزام لگا سکتا ہے جب کہ سب جانتے ہیں کہ کوئی جرم نہیں ہوا اور یہ بھی معلوم ہے کہ اس طرح کے جھوٹے الزام میں ممکنہ موت اور تباہی ہمارے ملک کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے

مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کے دفتر نے جمعرات کو کانگریس میں ریپبلکن کمیٹی کے چیئرمینز کو لکھے خط میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز جاری اپنے بیان میں اپنی گرفتاری کے غلط خدشات پیدا کیے۔

خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخاب سے قبل پورن اسٹار اسٹیفنی کلیفورڈ عرف اسٹورمی ڈینیئلز کو تعلقات کی معلومات چھپانے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹورمی ڈینیئلز کے ساتھ کسی افیئر ہونے کی تردید کی ہے اور ادائیگی کو “سادہ نجی لین دین قرار دیا، انہوں نے کہا ہے کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا اور تحقیقات کو سیاسی بنیاد پر شروع کی گئی کارروائی قرار دیا۔

ہفتے کے روز ڈونلڈ ٹرمپ ٹیکساس کے شہر واکو میں انتخابی ریلی نکالیں گے جہاں 30 سال قبل برانچ ڈیوڈیئنز کے مذہبی فرقے پر وفاقی ایجنٹوں کے چھاپے کے نتیجے میں 4 قانون نافذ کرنے والے افسران سمیت 86 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ تقریب کچھ لوگوں کے لیے حکومت کی جانب سے اپنی حد سے تجاوز کرنے کی علامت بن چکی ہے اور کچھ دائیں بازو کے انتہا پسند گروپوں کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان نے کہا کہ واکو شہر کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ آبادی کے کئی بڑے مراکز کے درمیان واقع ہے اور اس علاقے میں بڑے پروگرام کے انعقاد کے لیے ضروری انفراسٹرکچر موجود ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button