مقبوضہ فلسطین

غاصب اسرائیلی فوجیوں کا فلسطینی مظاہرین پر حملہ، دسیوں زخمی

شیعیت نیوز: غاصب اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں میں جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس بار صیہونیوں نے فلسطین کے مغربی کنارے میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر دھاوا بول دیا جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

ارنا نیوز نے فلسطینی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مقبوضہ علاقے کے نابلس صوبے میں بیت دجن اور بیتا، قلقیلیہ صوبے کے کفر قدوم ٹاؤن اور رام اللہ کے اللبن الغربی میں فلسطینیوں نے ناجائز صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کو منتشر کرنے اور ان کی سرکوبی کے لئے غاصب اسرائیلی فوجیوں نے آنسو گیس کے گولوں کے علاوہ اسٹیل کوٹڈ گولیوں کا بھی استعمال کیا جس سے دسیوں فلسطینیوں کو زخم اٹھانا پڑ گئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے جمعے کی شب بیت المقدس کے شعفاط کیمپ، الطور، ام طوبیٰ اور الرام بستیوں میں بھی فلسطینیوں پر دھاوا بولا۔

یہ بھی پڑھیں : ایک لاکھ فلسطینی مسلمانوں کی مسجد اقصیٰ میں رمضان کی پہلی نماز جمعہ

اُدھر مقبوضہ بیت المقدس کے باب العامود پر فلسطینیوں نے اکٹھا ہو کر عرین الاسود مزاحمتی تنظیم اور جنین کیمپ کی حمایت میں نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران مقبوضہ فلسطین میں بڑھتی صیہونی انتہاپسندی اور دہشت گردی کا ہر ممکن شکل میں مقابلہ کرنے کے لئے فلسطینی نوجوانوں نے کمر کس لی ہے اور اس مدت کے دوران وہ سیکڑوں مزاحمتی کارروائیاں انجام دے چکے ہیں جن کے دوران دسیوں فلسطینی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب الخلیل میں فلسطینی محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کے نظامت کے مطابق کل تقریباً 30,000 نمازیوں نے مسجد ابراہیمی میں رمضان کے بابرکت مہینے کے پہلے جمعہ کی نماز ادا کی۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ الخلیل کے ہزاروں شہری مسجد ابراہیمی میں نماز ادا کرنے کے لیے گئے تھے۔ نماز جمعہ سے قبل غاصب اسرائیلی فوجیوں نے پرانے شہر کے داخلی راستوں پر اپنا فوجی پہرہ سخت کردیا تھا۔

انہی ذرائع نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے تل رومیدہ کی طرف جانے والی فوجی چوکی کو نماز جمعہ کے بعد بند کر دیا اور شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں ڈالیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button