دنیا

عالمی فوجداری عدالت نے روسی صدر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

شیعیت نیوز: عالمی فوجداری عدالت نے روس پر یوکرین میں جنگی جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی فوجداری عدالت نے یوکرین میں جنگی جرائم کے الزام میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

خیال رہے کہ ماسکو نے ہمیشہ روسی افواج کے خلاف یوکرین کے ساتھ ایک سال سے جاری جنگ کے دوران جرائم کے الزامات کی تردید کی ہے۔

عالمی عدالت اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر مبینہ طور پر بچوں کی غیر قانونی ملک بدری اور یوکرین کے مقبوضہ علاقوں سے روسی فیڈریشن میں بچوں کی غیر قانونی منتقلی کے جنگی جرم کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی استقامتی محاذ انتقام کے لئے تیار، 24 گھنٹے میں 22 بار صیہونیوں کو نشانہ بنایا گیا

اس سے قبل رواں ہفتے کے شروع میں رائٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) یوکرین میں جنگ کی تحقیقات کے بعد جاری کیے گئے پہلے فیصلے میں کچھ لوگوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے گی۔

اس عدالت نے روسی فیڈریشن کے صدر دفتر میں بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریہ الیکسیوینا کے لیے بھی اسی طرح کے الزامات کے تحت الگ سے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پہلی مستقل عالمی عدالت ہے جو نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور جارحیت کے جرائم سے نمٹتی ہے اور اس کا صدر دفتر ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں واقع ہے۔

واضح رہے کہ ماسکو آئی سی سی کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔ یوکرین بھی آئی سی سی کا رکن ملک نہیں ہے لیکن کیف نے اپنے علاقے پر آئی سی سی کا دائرہ اختیار دے رکھا ہے اور آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان نے ایک برس قبل تحقیقات شروع کرنے کے بعد سے چار مرتبہ وہاں کا دورہ کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button