امریکہ نے یوکرین کیلئے جاسوسی بھی شروع کر دی، آناتولی آنتونوف

شیعیت نیوز: امریکہ میں روس کے سفیر آناتولی آنتونوف کا کہنا ہے کہ امریکہ نے یوکرین کیلئے جاسوسی بھی شروع کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں روس کے سفیر آناتولی آنتونوف نے کہا ہے کہ امریکہ کے جاسوس ڈرون طیارے ایسی معلومات اکھٹا کر کے یوکرین کو دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جس کی رو سے روسی سرزمین اور روسی فوجیوں پر حملہ کیا جا سکے۔
روسی سفیر نے منگل کے روز بحیرۂ اسود کے اوپر امریکہ کے ایک ڈرون کی سرنگونی کے بارے میں کہا کہ ہماری سرحدوں کے قریب امریکہ کی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ امریکہ کے ڈرون طیارے کس مشن پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آسٹریلیا کو ایٹمی آبدوز دینا مشرقی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث ہے، چین
دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے روسی جنگی طیارے سے ٹکرا کر اپنے ایک ڈرون کی سرنگونی کے بعد روس کے سفیر کو طلب کر لیا۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون ایم کیو نائن ریپر روسی جنگی طیارے سوخو27 سے ٹکرا کر سرنگوں ہو گیا تھا جس کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے واشنگٹن میں تعینات روسی سفیر کو اپنے یہاں طلب کر لیا۔
امریکی کمانڈ کے یورپی مرکز کے مطابق یہ ٹکر منگل کے روز بحیرہ اسود کے اوپر ہوئی جس کے بعد اُس کا ڈرون بین الاقوامی سمندر میں جا گرا۔
مذکورہ مرکز کے سربراہ جنرل جیمز بی ہیکر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی فضائی حدود میں ہمارا ایک ڈرون معمول کے مطابق ایک آپریشن میں مصروف تھا جس کا ایک روسی طیارے نے پیچھا کیا، اُس کے بعد اُس نے اسے نشانہ بنایا اور طیارے سے ڈرون کی ٹکر اس کے سرنگوں ہونے کا سبب بنی۔ امریکی جنرل نے روس کے اس اقدام کو غیر پیشہ ورانہ اور غیر محفوظ قرار دیا۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ڈرون کا غیر پیشہ ورانہ اور غیر محفوظ طریقے سے پیچھا کرنے پر روسی سفیر کو طلب کیا تاکہ اپنا شدید اعتراض درج کرا سکیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روسی سفیر نے واشنگٹن کے شدید اعتراض سے ماسکو کو آگاہ کر دیا ہے۔