تہران ریاض معاہدے پر دنیا کا مثبت ردعمل

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تہران ریاض معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے والے ممالک کی قدردانی کی۔
اینٹونیو گوتیرس نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین نیک ہمسائیگی و ہمجواری پر مبنی تعلقات خلیج فارس کے علاقے کے امن و استحکام میں بڑا اہم اور کلیدی کردار رکھتے ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ ’’چین گینگ‘‘ نے تہران ریاض معاہدے کو صلح و آشتی کی ایک کامیابی قرار دیا۔
پاکستان نے بھی ایران و سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو ایک اہم پیشرفت سے تعبیر کیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اُن کا ملک بڑی گرم جوشی کے ساتھ ایران اور سعودی عرب کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہے۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بیان جاری کر کے تہران ریاض معاہدے کو امت اسلامیہ کی وحدت و ہمدلی اور علاقائی امن و استحکام کی راہ میں اہم قدم قرار دیا۔
ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر بات کی اور انقرہ کی جانب سے تہران ریاض معاہدے کے خیرمقدم سے انہیں آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران-سعودی عرب تعلقات کی بحالی پر سید حسن نصر اللہ کا ردعمل
عمان کے وزیر خارجہ نے بھی تہران ریاض معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عمانی وزیر خارجہ بدر السید البوسعیدی نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں اپنی اور حکومت کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمٰن آل ثانی نے بھی ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات میں نئی تبدیلیوں پر مبارکباد پیش کی۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت نے بھی تہران ریاض معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اُسے علاقائی امن و استحکام اور امت اسلامیہ کی امن و سلامتی کے احیا کا باعث قرار دیا۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ علاقے کو، ممالک کے آپسی تعلقات کی بحالی کی ضرورت ہے اور اس کے ذریعے امت اسلامیہ بیگانہ طاقتوں منجملہ امریکہ اور صیہونی حکومتوں کی مداخلت کے باعث اپنی کھوئی ہوئی سلامتی کو دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیگانہ طاقتوں نے علاقائی ممالک کے اختلافات سے ناجائز فائدہ اٹھایا اور ایران کا نام لے کر اُسے یمن پر چڑھائی جارحیت کے لئے استعمال کیا۔
بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کر کے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایران سعودی اور چین کے مشترکہ بیان کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ تہران ریاض معاہدہ سفارتی سرگرمیوں اور مذاکرات و گفتگو کے ذریعے علاقائی ممالک کے مابین اختلافات کے حل میں مثبت قدم ہوگا۔
اردن کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے جاری کردہ بیان میں تہران ریاض معاہدے کا خیرمقدم کیا اور اس سلسلے میں عراق، عمان اور چین کی کوششوں کو سراہا۔