تمام مسلمانوں کو مل کر ظلم و جور کے خاتمے اور امام مہدیؑ کے ظہور اور قیام کیلئے میدان ہموار کرنے کی کوششیں کرنی چاہیے،علامہ ساجد نقوی
اسلامی مآخذ میں تصور مہدیؑ ایک مسلمہ امر ہے، مہدیؑ موعود کی ولادت کے بارے میں بہت سی مستند روایات موجود ہیں

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم ولادت امام مہدی (عج) کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی مآخذ میں تصور مہدیؑ ایک مسلمہ امر ہے، مہدیؑ موعود کی ولادت کے بارے میں بہت سی مستند روایات موجود ہیں، اسلامی مآخذ میں تصور مہدیؑ کو بہت واضح انداز میں ابھارا گیا ہے اور ان کے ظہور اور قیام کے سلسلے میں بہت زور دیا گیا ہے، اس کا تعلق اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے ساتھ ہے، اس نظام کے قیام کی جدوجہد، ظلم و جور اور ناانصافی کو مٹانے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ دنیا کو عدل وانصاف سے بھرنے کا عہد پورا ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے نیمہ شعبان کے موقع پر اسیر مکہ علامہ ناظرتقوی کی دہائی کیلئےخصوصی دعاکی اپیل
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ امت کو جزوی اور سطحی اختلافات کو اہمیت نہیں دینی چاہیئے بلکہ مشترکہ طور پر ہر وقت عدل اجتماعی کے لئے کوشاں رہنا چاہیئے، اسلام کے اس نوعیت کے حامل تصور مہدیؑ سے دوسرے تمام ادیان پر اسلام کی برتری واضح ہوجاتی ہے، اس انداز کا تصور کسی دوسرے دین میں نہیں پایا جاتا، لہٰذا تمام مسلمانوں کو مل کر ظلم و جور کے خاتمے اور امام مہدیؑ کے ظہور اور قیام کے لئے میدان ہموار کرنے کی کوششیں کرنی چاہیئے تاکہ اسلام کے غالب دین کے طور پر سامنے آنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔