شام؛ حلب ایئرپورٹ پر صیہونی ٹولے کی فضائی جارحیت
شیعیت نیوز: غاصب صیہونی ٹولے کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بمباری کی ہے۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے ایک عسکری ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق دو بج کر سات منٹ پر مغربی لاذقیہ میں بحیرہ روم کی جانب سے صیہونی دشمن نے حلب کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی جارحیت کے نتیجے میں ایرپورٹ کو خاصا نقصان پہنچا ہے جس کے سبب وہاں کی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں۔ المیادین چینل نے بھی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شام کا ایئر ڈیفنس سسٹم صیہونی میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہے۔
المیادین کے مطابق حلب ایئرپورٹ کا رنوے آؤٹ آف سروس ہو گیا ہے۔ صیہونی دشمن نے اسی کے ساتھ شامی فضائیہ کی النیرب فوجی چھاؤنی پر بھی میزائل داغے ہیں۔
اب سے دو ہفتے قبل بھی غاصب صیہونی ٹولے نے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں السویدا صوبے میں ایک عمارت کو نشانہ بنا کر متعدد افراد کو شہید و زخمی کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب ترک سینٹرل بینک میں 5 ارب ڈالر کے ذخائر ڈپازٹ رکھے گا
دوسری جانب ایک روسی جریدے نے آگاہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ شامی صدر رواں مہینے مختلف مسائل پر مشاورت کے لئے ماسکو کا سفر کریں گے۔ روسی اخبار ’’ودوموستی‘‘ نے خبر دی ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد رواں مہینے کے وسط میں ماسکو کا سفر کریں گے۔
روسیا ٹو ڈے نے اس خبر کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ روسی اخبار نے ایک شامی صدارتی ذرائع کی جانب سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس رپورٹ کو جاری کیا۔
اسی اخبار نے تجزیہ کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بشار الاسد اور ولادیمیر پیوٹن اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، یوکرائن کا مسئلہ اور اس کے علاوہ دمشق اور انقرہ کے درمیان تعلقات کی بحالی پر مشاورت کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سفر کے اہم ترین اہداف میں سے ایک شام میں ممکنہ توانائی کے بحران اور زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے روسی حمایت کا حصول ہے۔ یہ رپورٹس ایسے موقع پر جاری ہو رہی ہیں، جب شامی صدارتی دفتر نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ان رپورٹس کی تردید کی ہے اور نہ تصدیق۔







