لاہور، سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات
شیعیت نیوز: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں اُن کی رہائش گاہ پرعلامہ سید شہنشاہ نقوی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی سیاسی معاملات، چیئرمین عمران خان کے تصورِ ریاستِ مدینہ اور تحریک انصاف کے مِلّی و ملکی تعمیر و ترقی کے فلسفے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی جانب سے تحفظِ ناموسِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات کا برملا اعتراف کیا گیا۔ علامہ شہنشاہ نے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے زریں اصولوں کی روشنی میں جدید فلاحی مملکت کی صورت میں ڈھالنے کے کلیدی فلسفہ و ہدف کو بھی سراہا۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کی زبوں حالی، اس کا تدارک، مسلم اُمہ کا اتحاد اور مسلمان حکمرانوں کی اسلامی غیرت اور ان کی تربیت قرآن و سنت و تعلیمات اہلبیت علیہم السلام و صحابہ کرام کے مطابق زندگی گزارنا ہے، اہلِ علم خصوصاً الہامی و تہذیبی علوم کے ماہرین سماج میں اقدار کے فروغ و تحفظ کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر شدت پسندی کا خاتمہ اور مذہبی ہم آہنگی کا ماحول برداشت کی فضا کے بغیر ممکن نہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ اہلِ پاکستان ایک بے مثال تہذیبی و دینی ورثے کے امین ہیں، رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہمارے پاس کتاب و سنت کیصورت میں ہدایت کا ابدی سامان موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہدویت بھی ایسی ہی امید ہے جس نے حتمی طور پر بنی نوع انسان اور پوری کائنات کو نجات عطا کرنی ہے، ناصر عباس شیرازی
عمران خان نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں سماج و سیاست اور معاشرت سے معیشت تک بھرپور رہنمائی فراہم کرتا ہے، سیرتِ رسول مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم سے دنیوی و اُخروی نجات کے اسباب پیدا کرنا بطور ملت ہمارے ذمے ہے، اسلام بندۂ مؤمن کو بندگی و اقدار کے دائرے میں آزادئ فکر و عمل کی بنیاد مہیا کرتا ہے، زوال کے اس دور میں سیرتِ رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے عروج کی راہ کشید کرنا امت کی ذمہ داری ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قرب و نصرتِ الہٰی سے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے خطوط پر استوار کرنے کی محنت جاری رکھیں گے، اہلِ علم خانقاہوں اور دانشکدوں سے نکل کر میدانِ عمل میں قوم کی رہنمائی کریں۔
علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان کے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے مذہبی عمائدین کیلئے ضروری ہے کہ اس وقت سب سے پہلے پاکستان کی سوچ کو فروغ دیا جائے، ملک کا معاش اور تجارت اور مالی مضبوطی وطن کے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناح کے بعد ذوالفقارعلی بھٹو اور ان کے بعد عمران خان کی سوچ نظریۂ پاکستان کی صورت میں سامنے آئی ہے۔







