ایران، ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنیوالے نوجوان کیلئے ہزار مربع میٹرزرعی زمین کا انعام
شیعیت نیوز:ایران میں امام خمینی کے فتویٰ پر عمل درآمد کروانے والی فاؤنڈیشن نے سلمان رشدی پر حملہ کرکے اس کی ایک آنکھ اور ایک بازو کو ناکارہ کرنے والے 24 سالہ نوجوان کو ایک ہزار مربع زرعی زمین بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سید روح اللہ خمینی کے فتووں کو نافذ کرنے والی فاؤنڈیشن کے سیکرٹری محمد اسماعیل زری نے شیعہ امریکی نوجوان 24 سالہ ہادی معطر کو ایک ہزار مربع زرعی زمین بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ محمد اسماعیل زری نے کہا کہ نوجوان کے حملے کے بعد سلمان رشدی کی حالت اب مردے سے بھی بدتر ہے۔ وہ چلتی پھرتی لاش بن گیا ہے۔ اس لیے نوجوان کو امام خمینی کے فتوے پر عمل کرنے پر انعام سے نواز رہے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس اگست میں نیوجرسی سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے ایک تقریب میں سلمان رشدی پر چاقو سے حملہ کیا تھا، جس میں ملعون کی ایک آنکھ ضائع اور ایک بازو ناکارہ ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: چراغ ِ علم وعمل ،معروف دانشورسید ثاقب اکبر نقوی مرحوم کی نماز جنازہ ادا، آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک
حملے کے وقت سکیورٹی اہلکاروں نے نوجوان کو دبوچ لیا، تاہم اس نے اپنا کام کر دیا۔ امریکی نژاد نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ایرانی فاؤنڈیشن کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ نوجوان ہادی مطر کے حراست میں ہونے کی وجہ سے ان کے اہلخانہ میں کوئی بھی اس انعام کو وصول کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ روح اللہ خمینی نے 33 سال قبل کتاب شیطانی آیات میں گستاخی رسالت کا مرتکب ہونے پر ملعون سلمان رشدی کے قتل کا فتویٰ دیا تھا اور انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ امام خمینی کے جانشین ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ٹوئٹر پر سلمان رشدی کے قتل کے فتویٰ کو اٹل قرار دیا تھا، جس پر 2019ء میں ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا گیا تھا۔







