سعودی عرب

سعودی عرب کا عازمین حج سیزن کی تعداد کورونا سے پہلے کی سطح پر واپس لانے کا اعلان

شیعیت نیوز: سعودی عرب نے آئندہ حج سیزن کے دوران عازمین کی تعداد کو کورونا وبا سے پہلے کی سطح پر واپس لانے کا اعلان کر دیا۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں چار روزہ حج ایکسپو کا 9 جنوری سے آغاز ہوگیا، جس میں 57 ممالک کے اعلیٰ حکام اور 200 اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے نمائش کا افتتاح کیا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں سعودی عرب نے آئندہ حج سیزن کے دوران عازمین کی تعداد کو وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر واپس لانے کا اعلان کر دیا۔

سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سال حج کے لیے عازمین کی تعداد پر کوئی پابندی عائد نہیں کرے گی۔

حج ایکسپو سے سعودی وژن 2030ء کے اہداف کی تکمیل میں مدد ملے گی، اس موقع پر کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے، جن میں حجاج کرام کی تعداد، داخلے، صحت اور طریقہ کار سے متعلق ہدایات کے معاہدے بھی شامل ہیں۔

سعودی وژن کے تحت حج و عمرہ کے زائرین کی سالانہ تعداد کو 30 ملین تک پہنچانا ہے، حرمین شریفین کی زیارت آسان بنانے کے لیے دنیا بھر کے ماہرین اپنی رائے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شہزادہ محمدبن سلمان سعودی عرب کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، سعودی کارکن

دوسری جانب سعودی عرب پاکستان میں اعلان کردہ 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مزید بڑھانے پر آمادہ ہو گیا۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کو پاکستان سینٹرل بینک میں جمع کروائی گئی 5 ارب ڈالر کی رقم بڑھانے پر جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

سعودی میڈیا کا بتانا ہے کہ دسمبر 2022ء میں اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ کی رقم 5 ارب ڈالر کر دی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان حالیہ روابط کے تناظر میں یہ اعلان سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button