وفاقی دارالحکومت میں کار بم دھماکہ، ایک پولیس اہلکار سمیت 3افرادشہیدجبکہ 4 اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی
شیعیت نیوز:اسلام آباد میں آئی ٹین فور کے علاقے میں خودکش دھماکا ہوا ہے. پولیس کے مطابق دھماکے سے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہوا جب کہ زخمیوں میں اہل کار محمد حنیف، محمد یوسف اور محمد بلال شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں مشتبہ گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق گاڑی میں ایک مرد اور ایک عورت سوار تھی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی کہ اس دوران پولیس جوانوں نے چیکنگ کے لیے مشکوک گاڑی کو روکا۔ پولیس ترجمان کا بتانا ہے کہ گاڑی رُکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے فوری بعد پولیس بھی جائے دھماکا پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلسل آڈیو لیکس ، جاسوسی کےخدشےکے پیش نظر عمران خان کی رہائشگاہ کا سرچ آپریشن
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتا چلایا جائے گا کہ گاڑی کہاں سے آئی. رپورٹس کے مطابق دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔







